مداحوں کا انتظار ختم: امیتابھ بچن اور شاہ رخ 17 سال بعد ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں کیوں کہ بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور بادشاہ شاہ رخ خان 17 سال بعد ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

بگ بی کے نام سے شہرت رکھنے والے امیتابھ بچن اور کنگ خان شاہ رخ آخری بار 2006 میں  فلم 'کبھی الوداح  نہ کہنا' میں نظر آئے تھے، اس فلم کو کرن جوہرنے ڈائریکٹ کیا تھا جبکہ  فلم میں ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، پریتی زنٹا اور کیرن کھیر نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

فلم پٹھان سے بالی وڈ میں شاندار کم بیک کرنے والے شاہ رخ خان اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کو مداح ایک بار پھر اسکرین پر ساتھ دیکھنا چاہتے تھے تاہم اب یہ انتظار ختم ہونے جارہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق 17 سال بعد شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن ایک ساتھ اسکرین شیئر کرتے نظر آئیں گے۔

مداحوں کو شاہ رخ اور امیتابھ کے ایک بار پھر ساتھ کام کرنے کے حوالے سے اس وقت معلوم ہوا جب ایکس( سابقہ ٹوئٹر) پر سوال و جواب کے سیشن میں شاہ رخ  نے  اس نئے پراجیکٹ کے بارے میں بات کی۔

اس پراجیکٹ کا نام اور تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں تاہم مداح نے مبینہ طور پر شاہ رخ اور امیتابھ کے نئے پراجیکٹ کی ایک تصویر اپ لوڈ کی جس میں شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن کو بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مداح نے تصویر شیئر کرتے ہوئے شاہ رخ خان سے درخواست کی کہ امیتابھ بچن کے لیے کوئی لائن کہہ دیں۔

پراجیکٹ کی تصویر پر جواب دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ' کافی عرصے بعد امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرکے کافی مزہ آیا، شوٹ سے واپسی کے بعد کافی اچھا لگا'۔

شاہ رخ خان نے مزید لکھا کہ' یہاں میں آپ کو یہ بات بتاتا چلوں کہ امیتابھ بچن نے مجھے اس دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا تھا'۔   

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بالی وڈ کے دونوں ستارے کس پراجیکٹ میں ساتھ دکھائی دیں گے، تاہم امید کی جارہی ہے کہ اس پراجیکٹ کی تفصیلات جلد سامنے آئیں گی اور مداح دونوں کو ایک ساتھ دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان ، کبھی خوشی کبھی غم، محبتیں اور بھوت نات جیسی ہٹ فلموں میں ایک ساتھ اداکاری کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :