Time 06 ستمبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل کے سی ای او کی نظر میں موجودہ عہد کی اہم ترین پیشرفت کیا ہے؟

سندر پچائی / فوٹو بشکریہ گوگل
سندر پچائی / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل اس مہینے کے آخر (27 ستمبر) میں اپنی 25 ویں سالگرہ منائے گا۔

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو (سی ای او) سندر پچائی نے ایک بلاگ پوسٹ میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو اس عرصے کی اہم ترین پیشرفت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی ہماری زندگی میں ہونے والی سب سے بڑی ٹیکنالوجی پیشرفت ثابت ہوگی اور یہ انٹرنیٹ سے بھی بڑی ہو سکتی ہے۔

لیری پیج اور سرگئی برن نے 1998 میں گوگل کی بنیاد رکھی تھی اور ان کا مقصد دنیا بھر کی معلومات تک لوگوں کو رسائی فراہم کرنا تھا۔

نومبر 2022 میں اوپن اے آئی کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے ٹیکنالوجی کمپنیاں اس ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہیں، جن میں گوگل کا نام نمایاں ہے۔

گوگل کی جانب سے فروری 2023 میں بارڈ کے نام سے اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرایا گیا تھا اور اس کے بعد کمپنی کی متعدد سروسز میں اے آئی ٹیکنالوجی کو شامل کیا گیا۔

سندر پچائی نے بلاگ پوسٹ میں کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کی دنیا کو بدل کر رکھ دے گی جبکہ اس سے انسانی اختراع کا عمل تیز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی کو ہر فرد کے لیے مددگار بنانا اور ذمہ داری سے اس کا پھیلاؤ اگلے 10 برس کے لیے ہمارا اہم ترین کام ہے۔

اس سے قبل 13 جون کو ایک انٹرویو کے دوران سندر پچائی نے تسلیم کیا تھا کہ ان کی کمپنی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے شعبے میں کچھ حوالوں سے پیچھے رہ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی پراڈکٹس کو متعارف کرانے میں جلد بازی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گوگل کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو ذمہ دارانہ انداز سے متعارف کرایا جائے گا اور طویل المعیاد بنیادوں پر کمپنی اس شعبے میں انقلاب برپا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

مزید خبریں :