پاکستان
Time 10 ستمبر ، 2023

ہمارے اتحادی اور سیاسی جماعتیں ڈر کر عام انتخابات سے بھاگ رہی ہیں: بلاول

ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انہیں بھاگنے دیں، سیاست میں ’جو ڈر گیا وہ مر گیا، پی پی کی یہ تربیت نہیں: چیئرمین پیپلزپارٹی— فوٹو: پی پی
ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انہیں بھاگنے دیں، سیاست میں ’جو ڈر گیا وہ مر گیا، پی پی کی یہ تربیت نہیں: چیئرمین پیپلزپارٹی— فوٹو: پی پی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ حکومت میں شامل اپنے اتحادیوں کو الیکشن سے بھاگنے والا قرار دے دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد کے علاقے حسین آباد میں واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی بدولت حسین آباد، شاہ لطیف اور قاسم آباد ٹاؤن کی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھاکہ سلیکٹڈ، نااہل اور نالائق وزیراعظم کے خلاف تحریک میں حیدرآباد کے عوام نے بھرپور ساتھ دیا۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انہیں بھاگنے دیں، سیاست میں ’جو ڈر گیا وہ مر گیا، ہمارے اتحادی اور سیاسی جماعتیں ڈر کر جنرل الیکشنز سے بھاگ رہی ہیں، ڈر کر بھاگنا پیپلز پارٹی کی تربیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی عوام دشمن سلیکٹڈ قیادت کا مقابلہ عوام کی طاقت سے کریں گے، پہلے ملیر کے جیالوں نے عمران خان کی ضمانت ضبط کروائی، اب ملک بھر میں اس کی ضمانت ضبط کروائیں گے۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ سیلاب متاثرین کو پلان کے تحت ریلیف دینا چاہ رہے ہیں، گھربناکر دینے کا منصوبہ شروع کیا، معاشی طور پران کو مضبوط کیا، یہ منصوبہ ہم سندھ کے علاوہ دوسرے صوبوں میں بھی لانا چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام کےلیے گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا ، غریبوں سے چھت چھین کربنی گالہ کو ریگولرائز کرواکر خودکو صادق امین کہہ رہاتھا۔

مزید خبریں :