پاکستان
Time 02 اکتوبر ، 2023

سوات میں مقامی خواتین کا کرکٹ میچ روک دیا گیا

سوات کے علاقے چارباغ میں مقامی میں خواتین کھلاڑیوں کو کھلے گراؤنڈ میں کرکٹ میچ کھیلنے سے روک دیا گیا۔

گزشتہ روز چارباغ میں خواتین کی مقامی ٹیموں کے درمیان میچ ہونا تھا، صبح جیسے ہی کھلاڑی اور منتظمین گراؤنڈ پہنچے، تو مقامی افراد نے کھلے میدان میں خواتین کو کرکٹ میچ کھیلنے سے روک دیا۔

مقامی افراد نے اسسٹنٹ کمشنر چارباغ اور انتظامیہ کو بھی آگاہ کیا۔ مقامی عمائدین کے مطابق میچ کے خلاف نہیں میچ ضلعی انتظامیہ نے روکا، خواتین کا یوں کھلے میدان میں کھیلنا علاقائی روایات کے خلاف ہے۔

مقامی مفتی رفیع اللہ کا کہنا ہے کہ میچ روکنے کے پیچھے نقص امن کا خطرہ تھا جو پریشانی کاباعث بن سکتا تھا، خواتین بھی معاشرہ کا حصہ ہیں، مکمل حقوق دینے کے حق میں ہیں۔

اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر چارباغ کا کہنا تھاکہ آرگنائزر نے بغیربتائے خواتین کے کرکٹ میچ کا انعقاد کیا، علاقہ مشران اور عمائدین نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے میچ کے ری شیڈول کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوہفتے میں خواتین کرکٹ میچ دوبارہ منعقدکیا جائے گا۔

کرکٹ میچ آرگنائزر ایاز نائیک کے مطابق خواتین میں کرکٹ کا ٹیلنٹ موجود ہے، انہیں کھیل کے مواقع دینے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :