11 جنوری ، 2013
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان کے مطابق الطاف حسین نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی شان میں گستاخی نہیں کی بلکہ ان کی سیاسی بصیرت ،مسلمانان ہند سے ان کی محبت اورقیام پاکستان کیلئے ان کی جدوجہد کو سلام تحسین پیش کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے اعلامیہ کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم غریبوں کی فلاح وبہبود کا منشور رکھنے والی جماعت ہے جو تنقید سے نہیں گھبراتی تاہم الطاف حسین کی تقریر کے دوران ٹیلی فون پر بہت سی جگہ پر آواز کے خلل سے غلط فہمی کا اندیشہ ہوسکتا ہے اورکوئی بات سننے میں غلطی ہوسکتی ہے جسے دور کرنے کیلئے ایم کیو ایم کے قائد کی ہدایت پر تمام سیاسی تجزیہ نگاروں اور اینکرپرسن کو ان کی تقریر اور ثبوت وشواہد کی کاپیاں فراہم کی جارہی ہے۔ترجمان نے کہاکہ ہماری درخواست ہے کہ تمام سیاسی تجزیہ نگار، اینکرپرسن اور دانشور الطاف حسین کی تقریر کا لفظ بہ لفظ مطالعہ کریں اور فراہم کردہ ثبوت وشواہد کا بغور مشاہدہ کریں تاکہ انہیں ازخود علم ہوجائے کہ الطا ف حسین نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی شان میں کوئی گستاخی نہیں کی بلکہ ان کی سیاسی بصیرت ، مسلمانان ہند سے ان کی محبت اورقیام پاکستان کیلئے جدوجہد کو سلام تحسین پیش کیا ہے۔