11 جنوری ، 2013
لندن…مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو فون کرکے ملک کے معروضی حالات کے پیش نظر لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کوسراہا۔ الطاف حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ ملک انتہائی کٹھن حالات سے دوچار ہے اور ان حالات میں عوام کو سڑکوں پر لانے کے بجائے دانشمندی کا تقاضا ہے کہ تمام معاملات افہام وتفہیم سے ہی حل کئے جائیں۔ آپ نے لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرکے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے اور عوامی سطح پر ایم کیوایم کے دانشمندانہ فیصلے کو سراہا جارہا ہے ، الطاف حسین نے چوہدری شجاعت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم ، عوامی جماعت ہے اور ا س نے ملک میں رونما ہونے والے المناک واقعات کی روشنی میں لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دونوں رہنماوٴں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اورباہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی بات چیت ہوئی۔دریں اثناء وزیرداخلہ رحمن ملک نے الطاف حسین کوفون کرکے 14جنوری کے لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر شکریہ اداکیا۔ اور کہاکہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور ناگفتہ بہ حالات کے باعث لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کاجوفیصلہ کیاہے وہ نہایت مثبت اورملک کے مفادمیں ہے جس پر ہم ایم کیوایم کی قیادت کے شکرگزارہیں۔ واضح رہے کہ رحمن ملک نے رات گئے بھی الطاف حسین سے فون پر گفتگو کرکے ان سے ملک کی سیکوریٹی کی صورتحال کے پیش نظراس مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاتھا۔