Time 13 اکتوبر ، 2023
پاکستان

پولیس سے غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی آپریشن پلان کے اخراجات کی تفصیل طلب

پشاور پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز نے آپریشنل پلان کےاخراجات سے متعلق تفصیلات کیلئے مراسلہ لکھا ہے/ فائل فوٹو
پشاور پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز نے آپریشنل پلان کےاخراجات سے متعلق تفصیلات کیلئے مراسلہ لکھا ہے/ فائل فوٹو

پشاور : پولیس سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی آپریشن پلان کے اخراجات کی تفصیل طلب کرلی گئیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز  نے آپریشنل پلان کےاخراجات سے متعلق تفصیلات کیلئے مراسلہ لکھا ہے جس کے بعد  پشاو پولیس نے خصوصی کارروائیوں کے لیے اخراجات کا تخمینہ لگانا شروع کردیا ہے۔

ڈی آئی جی پولیس کی جانب سے  آر پی اوز، اسپیشل برانچ ، سی ٹی ڈی اور دیگر کو تفصیلات بھیجنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ریجنل پولیس آفیسرز  اور  تمام متعلقہ ادارے اپنی ضروریات سےآگاہ کریں، تفصیلات کی بنیاد پر آپریشنل پلان تیار کیا جائےگا لہٰذا متعلقہ محکمے بھی 2 دن میں درکار فنڈ کی تفصیلات مہیا کریں۔

مراسلے میں مزید  کہا گیا ہے کہ آپریشن کیلئے درکار فیول،گاڑیوں کی مرمت اور خوراک مہیا کیاجائے گا جب کہ فنڈز کی بنیاد پر ضروری بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔

واضح رہےکہ حکومت نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہیں حکومت کی جانب سے 31 اکتوبر کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔

اس ضمن میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کا انخلا شروع ہوگیا ہے، اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر قائم افغان بستیوں کو بھی گرایا جارہا ہے۔

مزید خبریں :