پاکستان
12 جنوری ، 2013

نگراں حکومت کا قیام، چوہدری نثار کا صدر کی کمیٹی سے مذاکرات سے انکار

نگراں حکومت کا قیام، چوہدری نثار کا صدر کی کمیٹی سے مذاکرات سے انکار

اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے صدر زرداری کی طرف سے ملک میں نگراں حکومت کے قیام، اسمبلیوں کی تحلیل اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے قائم کردہ 4 رکنی کمیٹی سے بات چیت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بطور قائد حزب اختلاف آئین کے تحت صرف وزیر اعظم سے مشاورت کریں گے۔ جیو نیوز کے نمائندے ارشد وحید چوہدری کے ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے پیپلز پارٹی کی قائم کردہ 4 رکنی کمیٹی سے مذاکرات سے گریز کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی قیادت کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے، پیپلز پارٹی کی 4 رکنی مذاکراتی کمیٹی میں سید خورشید شاہ، میاں رضا ربانی، فاروق ایچ نائیک اور نذر گوندل شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کا موٴقف ہے کہ وہ بطور قائد حزب اختلاف پیپلز پارٹی کی کمیٹی کے ساتھ نگراں حکومت کے قیام اور آئندہ انتخابات کے بارے میں بات چیت نہیں کر سکتے۔ ان کا موٴقف ہے کہ 20 ویں ترمیم کے تحت نگراں وزیرا عظم کے تقرر کیلئے صرف وزیرا عظم سے بات چیت ہو سکتی ہے اور وزیرا عظم سے بھی اس معاملے پر اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد بات چیت شروع کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی طر ف سے پیپلزپارٹی کی 4 رکنی کمیٹی کے ساتھ بات چیت کا ٹاسک سینیٹر اسحاق ڈار کو سونپا گیا ہے تاہم نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر حتمی مذاکرات چوہدری نثار، وزیر اعظم راجا پرویز اشرف سے کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب سمیت ملک بھر میں عام انتخابات ایک ہی دن منعقد کرنے کے معاملے پر بھی ن لیگ کو راضی کرنے کی کوشش کرے گی ۔

مزید خبریں :