26 اکتوبر ، 2023
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان کی بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان سے مسلسل شکست کے بعد قومی ٹیم پر سخت تنقید کی جا رہی ہے، ناصرف سوشل میڈیا صارفین بلکہ سابق کرکٹرز نے بھی ٹیم کی تکنیک کو آڑے ہاتھوں لیا ہوا ہے۔
اسی سلسلے میں پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے نجی ٹی وی کی اسپورٹس ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر کوئی کہہ رہا ہے پاکستان ٹیم کو اگلے چار میچز لازمی جیتنے ہیں، میری دعا ہے کہ اللہ کرے قومی ٹیم کم بیک کرے‘۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا 'اگر پاکستان کی کرکٹ بہتر کرنی ہے تو ٹیم اگلا کوئی میچ نہ جیتے، اگر قومی ٹیم جیت کر ٹاپ فور میں آگئی تو انہوں نے دوبارہ وہی کام شروع کر دینا ہے'۔
کامران اکمل نے جیسے ہی یہ کہا تو اس پر اینکر نے فوری طور پر انہیں ٹوکا اور کہا کہ ’یہ کیا بات کر رہے ہیں؟ پاکستان کا نام ہے، میں پاکستان کو ہارتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا‘۔
جس پر کامران اکمل نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ میچ ہارنے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ اس سے ان کی انا ختم ہوگی‘۔
کامران اکمل کا یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہے جس پر صارفین تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
اس سے قبل عمر گل نے انکشاف کیا تھا کہ جب وہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں بطور کوچنگ اسٹاف شامل تھے تو انہوں نے ایک سیریز کے دوران دیکھا کہ جب شاداب اور رضوان بولرز کو مشورہ دینے آئے تو انہیں بابر کی جانب سے ڈانٹ پڑی، شاید یہی چیز ان کے دماغ میں ہو گی جس کی وجہ سے ورلڈکپ میں کوئی بھی سینئر دیگر کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے نہیں دیکھا گیا۔
خیال رہے کہ 23 اکتوبر کو ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے ایک اور بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو پہلی بار 8 وکٹوں سے بدترین شکست دی تھی، پاکستان اپنا اگلا میچ کل یعنی 27 اکتوبر کو چنئی میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گا۔