Time 09 نومبر ، 2023
پاکستان

لیول پلیئنگ فیلڈ تو دور کی بات، ہمیں تو پلیئنگ فیلڈ ہی نظر نہیں آرہی ہے: پی ٹی آئی

بے بسی کا عالم یہ ہے کہ صدر مملکت کو نگران وزیراعظم سے پارٹیوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینے سے متعلق درخواست کرنا پڑ رہی ہے: حامد خان— فوٹو: فائل
بے بسی کا عالم یہ ہے کہ صدر مملکت کو نگران وزیراعظم سے پارٹیوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینے سے متعلق درخواست کرنا پڑ رہی ہے: حامد خان— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ تو دور کی بات ہے، ہمیں تو پلیئنگ فیلڈ ہی نظر نہیں آرہی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران حامد خان نے صدر مملکت کے نگران وزیراعظم کو پی ٹی آئی کے خدشات دور کرنے سے متعلق لکھے گئے خط پربھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔

اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ بے بسی کا عالم یہ ہے کہ صدر مملکت کو نگران وزیراعظم سے درخواست کرنا پڑ رہی ہے، اُن کو درخواست نہیں بلکہ واضح آرڈر دینا چاہیے تھا۔

حامد خان کا کہنا تھا کہ اگر اس وقت کسی بھی سیاسی، آئینی عہدیدار کے پاس کوئی اختیار یا قانونی حیثیت ہے تو وہ صرف صدر کے پاس ہے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے نام خط میں کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ اور بنیادی حقوق کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خدشات پر غور کیا جائے۔

صدر نے رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب کی جانب سے لکھا گیا خط بھی نگران وزیراعظم کوبھیجا ہے۔

صدر نے اپنے خط میں کہا ہےکہ نگران حکومت کا تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنا بے حد اہم ہے، بنیادی حقوق اور لیول پلیئنگ فیلڈ پر پی ٹی آئی کے خدشات پر غور کیا جائے، آئندہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور مواقع کی فراہمی کے آپ کے بیانات باعث اطمینان ہیں۔

مزید خبریں :