15 جنوری ، 2013
کراچی…سپریم کورٹ کی جانب سے منگل کو رینٹل پاور کیس میں وزیراعظم سمیت سولہ ملزمان کی گرفتاری کے حکم کے خلاف کراچی سمیت اندرون سندھ میں مظاہرے ہوئے ۔کورنگی انڈسٹریل ایریامیں چمڑہ چورنگی کے قریب فائرنگ اورہنگامہ آرائی ہوئی۔جس کے باعث انڈسٹریل ایریامیں فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیا،جبکہ ٹریفک جام ہوگیاہے۔ادھر مشتعل افراد نے یونیورسٹی روڈپر بھی احتجاج کیا اور فائرنگ کی گئی،جس کی وجہ سے ابوالحسن اصفہانی روڈ،سہراب گوٹھ،یونیورسٹی روڈپربھی دکانیں اورکاروباربند ہوگیا۔شارع فیصل پرایف ٹی سی کے سامنے بھی احتجاج کیا گیا ۔جس سے دونوں ٹریک پرشدیدٹریفک جام ہوگیا۔ ماڑی پور،گوراقبرستان کے قریب علاقے اور لانڈھی قائدآبادسے بھی احتجاج اور ٹریفک معطل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔۔دریں اثناء اندرون سندھ کے علاقوں لاڑکانہ، رتوڈیرومیں بھی ہوائی فائرنگ کی گئی ،بعدازاں دکانیں بند ہوگئیں۔نوابشاہ میں پیپلزاسٹوڈنٹ فیڈریشن کے تحت وزیراعظم کی حمایت میں پریس کلب کے باہراحتجاج کیا گیا۔شہدادکوٹ میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے ہوائی فائرنگ کی ،جبکہ کوٹو موٹو چوک پر ٹائر بھی جلائے گئے۔