16 جنوری ، 2013
اسلام آباد…تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے پاس 2 دن رہ گئے ہیں، آج یا کل حکومت ختم ہونے کو ہے، پارلیمنٹ غنڈوں اور بدمعاشوں کی محافظ ہے،چور، ڈاکو اور لٹیرے ایک دو دن میں بھاگنے والے ہیں۔ اسلام آباد میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کے دوران نہوں نے کہا کہ طاقتوروں اور غریبوں کا مقابلہ نہیں چاہتے، اس سے جمہوریت نہیں آتی،ہم بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پڑھ اور جاہلوں کو اسمبلیوں میں لانے کیلئے بی اے کی شرط ختم کی گئی، یہ شرط ختم کرنے سے کس کوفائدہ ہوا،عوام کویاحکمرانوں کو۔انہوں نے کہا کہ آج کی عدلیہ جرات منداور آزاد ہے، حکمرانوں کا بس چلتا تو عدلیہ کو بھی ایک طرف کرچکے ہوتے، ٹیکس چوروں کو پارلیمنٹ کا ممبرنہیں ہونا چاہئے، سچے اور مخلص لوگ ملک کی حفاظت کریں گے،گھر کی حفاظت ڈاکو اور چور نہیں کرتے۔ اسلام آباد میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جنہوں نے مشکلات پیدا کی ہیں وہ ان کا حل نہیں دے سکتے، قانون توڑنے والا طاقت ور ہی اسمبلی میں آ کر بیٹھتا ہے جبکہ قانون توڑنے والے کو جیل میں جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس مارچ کے بعد قانون شکن قانون ساز نہیں بنیں گے، ہم نہیں چاہتے کہ قانون توڑنے والے قانون سازی کریں، ہماری پارلیمنٹ قرضہ معاف کرانے والوں سے بھری پڑی ہے، دھاندلی کو یہ لوگ جمہوریت کہتے ہیں۔ ڈاکٹرطاہر القادری نے کہا کہ 70فیصد ارکان پارلیمنٹ نے ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائے، پارلیمنٹ میں سیکڑوں بجلی چور ارکان اور وزراء بنے بیٹھے ہیں جبکہ 10ہزارروپے کا ڈیفالٹرپارلیمنٹ کارکن بننے کا اہل نہیں، یہاں سیکڑوں بیٹھے ہیں۔ طاہرالقادری نے دھرنے کے شرکاء سے سوال کیا کہ دنیاکے کسی ملک میں کرپشن کرنے والے ملک کے وزیراعظم رہے ہیں؟۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ یہ لوگ قانون کی حکمرانی کو نہیں مانتے، یہ لوگ عدالتوں کا مذاق اڑانے والے ہیں،ان کے بس میں ہوتا تو عدلیہ کو بھی فارغ کرچکے ہوتے، یہ بد مست ہاتھی دوبارہ اقتدار میں آئے تونجانے کس کس کو روند دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارامارچ مالیاتی اداروں سے پوچھے گا کس کس نے قرض لیا اور واپس نہیں کیا،قانون کہتا ہے جو ٹیکس نہیں دیتا اسے جیل میں ہونا چاہیے،یہاں ٹیکس نہ دینے والا 5سال کے لیے ایوان میں پہنچ جاتا ہے۔اس موقع پر طاہرالقادری نے لانگ مارچ زندہ باد، 18 کروڑ عوام زندہ باد کے نعرے لگوائے۔انہوں نے کہا کہ دونوں طرف علی بابا اور چالیس چور ہیں، دونوں نے لوٹ مار مچانے میں اتحاد بنایا ہوا ہے۔