پاکستان

رضوانہ تشددکیس:لاہور ہائیکورٹ رجسٹرارکا جج عاصم حفیظ کیخلاف کیس کی انکوائری کا حکم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کم سن  رضوانہ  تشددکیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، لاہور ہائی کورٹ  رجسٹرار  نے سیشن جج راولپنڈی کو سول جج عاصم حفیظ کے بچی  پر تشدد کے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار کے حکم پر سیشن جج راولپنڈی نے رضوانہ تشدد کیس میں سول جج پر لگے الزامات کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ  رواں سال جولائی میں اسلام آباد کے سول جج  عاصم حفیظ کےگھرکام کرنے والی کم سن بچی رضوانہ پر تشددکا کیس سامنے آیا تھا۔

رضوانہ کے  پورے  جسم  پر تشدد کے نشانات تھے، سر  پر لگے زخم علاج نہ ہونے سے سڑ چکے تھا اور  سر  پر لگے زخموں میں کیڑے پڑچکے تھے۔

دوسری جانب  پانچ ماہ بعد بھی رضوانہ تشدد کیس کی تحقیقاتی ٹیم سول جج عاصم حفیظ کو شامل تفتیش کرنے میں ناکام رہی۔

سول جج سے تفتیش کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے درکار  اجازت نامہ  اب  تک نہیں مل سکا۔

ذرائع کے مطابق لاہور  ہائی کورٹ  سے اجازت  ملنے تک سول جج عاصم حفیظ نے شامل تفتیش ہونے سے انکار کیا۔

تحقیقاتی ٹیم سول جج سے تفتیش کی اجازت کے لیے رجسٹرار لاہور  ہائی کورٹ کو تین خط لکھ چکی ہے۔

رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے تین خط ملنے کے باوجود  تفتیشی ٹیم کو  تاحال سول جج عاصم  حفیظ سے تفتیش کی اجازت نہیں دی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ سول جج  سے تفتیش کی اجازت کے دو خط کا لاہور  ہائی کورٹ کے رجسٹرار  نےکوئی جواب نہیں دیا تاہم  تیسرے  خط  پر   رجسٹرار  نے سیشن جج راولپنڈی کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کردی۔

پولیس سیشن جج کے سامنے پیش ہونے میں ہچکچاہٹ کی شکار 

ذرائع  کے مطابق سیشن جج  نے اسلام آباد  پولیس کی تفتیشی ٹیم کو  ر یکارڈ  سمیت طلب کرلیا  ہے، اسلام آباد  پولیس سیشن جج کے سامنے ریکارڈ سمیت پیش ہونے میں ہچکچاہٹ کی شکار ہے۔

ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ  وقوعہ اسلام آباد میں ہوا، مقدمہ بھی اسلام آباد میں درج ہوا، اس لیے سیشن جج راولپنڈی کے سامنے پیش ہونےکی ضرورت نہیں۔ 

مزید خبریں :