18 جنوری ، 2013
کراچی … متحدہ کے رہنما رضا ہارون نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی مشینری ایکشن میں لاکر منظر امام کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، سیاسی اختلافات بھلا کر سب متحد نہ ہوئے تو دہشت گرد قبضہ کرلیں گے۔ منظر امام کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ہارون کا کہنا تھاکہ ملک بچانے کیلئے سیاسی اختلافات بھلاکر ایک ہونا ہوگا، دہشت گردی کے خلاف متحد اور متفق ہونا ناگزیر ہے، پاکستان کو دہشتگردوں سے بچانا ہوگا، دہشت گرد اب منتخب نمائندوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے امن کا دامن نہیں چھوڑا، دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے حکومتی مشینری حرکت میں لائی جائے، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ رضا ہارون کا مزید کہنا ہے کہ ہم نہ بکنے والے ہیں اور نہ جھکنے والے ہیں، دہشت گردی کے باوجود پرامن سوگ منارہے ہیں، اس تحریک میں 15 ہزار کارکنوں نے جان کا نذرانہ دیا ہے، ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔