پاکستان
18 جنوری ، 2013

نیب کے تفتیشی افسر کامران فیصل کا پوسٹ مارٹم مکمل

 نیب کے تفتیشی افسر کامران فیصل کا پوسٹ مارٹم مکمل

اسلام آباد…رینٹل پاور کیس کی تحقیقات کرنے والے نیب کے تفتیشی افسر کامران فیصل کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ،فرانزک رپورٹ 7 سے 10 دن میں آئے گی جس کے بعد حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کی جا سکے گی۔کامران فیصل کی میت ورثا کے حوالے کردی گئی۔کامران فیصل کی لاش کے پوسٹ مارٹم کے لیے ڈاکٹر عنایت اللہ بیگ کی سربراہی میں 6 ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا جس نے پولی کلینک اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا۔میڈیکل بورڈ میں میڈیکو لیگو ڈاکٹر تنویر ،سرجن جاوید ، پتھالوجسٹ امیتاز حسن ،فزیشن ڈاکٹر افتحار ملک، آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر الطاف شاہ شامل ہیں۔ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ کامران فیصل کی لاش کا پوسٹ مارٹم دو گھنٹے میں مکمل ہوا جس کی رپورٹ کل پولیس کو دی جائے گی۔ فرانزک رپورٹ کے لیے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں ، فرانزک رپورٹ سات سے دس دن کے اندر ملے گی جس کے بعد حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کی جائے گی۔کامران فیصل کے ماموں محمد اقبال لاش لینے کے لیے پولی کلینک اسپتال میں موجود تھے۔ انہوں نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کامران فیصل خودکشی نہیں کر سکتا، اس نے فون کر کے اپنے گھر والوں کو بتایا تھا کہ اسے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ نیب کے سنیئر افسر بریگیڈیئر ریٹائرڈ حبیب بھی پولی کلینک اسپتال گئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کامران فیصل کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ، کامران فیصل کی موت کی ہر زاویے سے تحقیقات کرائیں گے۔پوسٹ مارٹم کے دوران نیب کے انٹیلے جنس ونگ کے افسران بھی پولی کلینک اسپتال میں موجود رہے۔کامران فیصل کی میت کو پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے ماموں کے حوالے کردیا گیا جو ایمبولینس کے ذریعے میت کو میاں چنوں لے گئے۔

مزید خبریں :