25 دسمبر ، 2023
عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے کیلئے ٹریبونل تشکیل دے دیے گئے، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے 5 جج بطور ٹریبونل جج اعتراضات سنیں گے جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے 9 جج بطور ٹریبونل جج کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی سماعت کریں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 جج بطور ٹریبونل جج اعتراضات سنیں گے جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ کے 2 جج بطور ٹریبونل جج اعتراضات پر سماعت کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے 6 جج کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی سماعت کریں گے۔
خیال رہے کہ عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج سے شروع ہو گی، کاغذات کی جانچ پڑتال کیلئے دن 7 سے کم کرکے 5 کر دیے گئے ہیں۔
جانچ پڑتال 30 دسمبر تک ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل 3 جنوری تک کی جا سکے گی، ان اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلہ کریں گے۔
امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے، امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو دیے جائیں گے۔