Time 27 دسمبر ، 2023
کھیل

پی ایچ ایف صدر کی مبینہ کرپشن کرنیوالوں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنیکی سفارش

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے نئے صدر طارق حسین بگٹی نے قومی کھیل کے معاملات میں مبینہ کرپشن کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی کو چند روز پہلے نگران وزیر اعظم نے پی ایچ ایف کا صدر نامزد کیا تھا۔

صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد طارق بگٹی نے وزارت داخلہ کو خط لکھتے ہوئے مبینہ کرپشن کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی۔

اس حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ ایف آئی اے میں کچھ کیسز چل رہے ہیں جن کی انکوائری ہورہی ہے جس پر انہوں نے ایک خط وزارت داخلہ کو لکھا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ خط میں وزارت داخلہ سے کہا گیا ہے کہ جن افراد کے خلاف تحقیقیات چل رہی ہیں ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور جب تک تحقیقیات مکمل نہ ہوجائے کسی کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ افراد الزامات سے بری ہوجائیں تو کہیں بھی جاسکتے ہیں لیکن اگر کچھ ثابت ہوا تو ان کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا اور وہ پیسہ واپس لیکر ہاکی کے فلاح و بہود پر لگایا جائے گا۔

مزید خبریں :