19 جنوری ، 2013
کراچی … شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو عدالت میں دو گواہوں نے شناخت کرلیا، شاہ رخ کا کہنا ہے کہ میڈیا نے مجھے اتنا نمایاں کیا کہ کوئی بھی مجھے شناخت کرسکتا ہے۔ شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں دو گواہان نے اسے فائرنگ کرنے والے ملزم کی حیثیت سے شناخت کرلیا۔ گواہوں نے عدالت میں بیان دیا کہ شاہ رخ جتوئی نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے شاہ زیب کی گاڑی الٹ گئی، جس کے بعد شاہ رخ نے دوبارہ فائرنگ کی۔ شاہ رخ جتوئی نے عدالت میں بیان دیا کہ میڈیا نے انہیں اتنا ہائی لائٹ کیا کہ کوئی بھی شخص انہیں باآسانی شناخت کرسکتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ دونوں گواہ کل شام بوٹ بیسن تھانے میں مجھ سے ملے اور بات کی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گرفتار سجاد تالپور، سراج تالپور سمیت تینوں ملزمان کو بھی گواہان شناخت کرچکے ہیں۔