Time 31 دسمبر ، 2023
جرائم

سال 2023 میں اسلام آباد کے شہری اسٹریٹ کرمنلز کے نشانے پر رہے

سال 2023 کے دوران اسلام آباد کے مختلف زونز میں راہزنی کی 2 ہزار 523 وارداتیں رپورٹ ہوئی: اسلام آباد پولیس کی جانب سے اعداد و شمار جاری— فوٹو: فائل
سال 2023 کے دوران اسلام آباد کے مختلف زونز میں راہزنی کی 2 ہزار 523 وارداتیں رپورٹ ہوئی: اسلام آباد پولیس کی جانب سے اعداد و شمار جاری— فوٹو: فائل

سال 2023 وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کیلئے کافی بھاری ثابت ہوا، شہر کے مختلف حصوں، مضافات اور ریڈ زون میں بھی شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹا جاتا رہا۔

اسلام آباد پولیس کے ریکارڈ کے مطابق سال 2023 میں وفاقی دارالحکومت میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں اعداد و شمار میں سنگین حد تک اضافہ ہوا، شہر بھر حتیٰ کہ ریڈ زون میں بھی دن دیہاڑے اسلحے کی نوک پر شہری لوٹے جاتے رہے۔

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں سال 2023 کے دوران اب تک مجموعی طور 4 ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے۔

سیف اور ماڈل سٹی کہلائے جانے والے اسلام آباد کے مختلف زونز میں راہزنی کی 2 ہزار 523، قتل کی 179، کار چوری کی 730، موٹر سائیکل چوری کی 17 سو سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

سٹی زون میں راہزنی کی 354، صدر زون میں 585 افراد سڑکوں اور گلیوں میں اسلحے کی نوک پر لوٹ لیے گئے جبکہ انڈسٹریل ایریا میں راہزنی کے 699 واقعات پیش آئے۔

اسلام آباد کے سوہان زون میں 696 افراد کو موٹرسائیکل اور کار سواروں نے اسلحہ تان کر لوٹ لیا جبکہ  رورل زون میں بھی ملزمان سڑک کنارے 189 افراد سے موبائل اور نقدی چھین کر فرار ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق سال بھر میں مجموعی طور پر ساڑھے 23 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا، 6 ہزار کے قریب افراد کو مختلف پراپرٹی مسائل قبضوں وغیرہ کے کیسز میں جبکہ 19 سو سے زائد ملزمان اسٹریٹ کرائمز، موٹرسائیکل اور کار چوری وغیرہ کے الزام میں گرفتار کیے گئے۔

اسلام آباد پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2023 کے دوران اب تک 5 سو سے زائد گاڑیوں اور 11 سو کے قریب موٹرسائیکلوں کی ریکوری بھی ممکن ہوئی۔

مزید خبریں :