13 جنوری ، 2024
پشاور میں ٹکٹوں کی تقسیم پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات سامنے آگئے ہیں۔
پشاور سے صوبائی اسمبلی کیلئے حلقہ پی کے 78 میں پی ٹی آئی کے امیدوار ارباب عاصم کے خلاف مقامی قیادت سامنے آگئی ہے۔
مقامی قیادت کے مطابق اگر لیڈرشپ نے ارباب عاصم سے ٹکٹ واپس نہ لیا تو وہ ان کے خلاف اپنا اُمیدوار آزاد حیثیت سے مقابلے میں لائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے پشاور سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے اپنے امیدواروں کی فہرست جار ی کی تھی۔
پشاور سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر شاندانہ گلزار، ساجد نواز، ارباب عامر، ارباب شیر علی اور آصف خان کو پی ٹی آئی کے ٹکٹ جاری کیے گئے تھے۔
صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے فضل الہٰی، حامدالحق، ارباب عاصم، مینا خان، علی زمان، ملک شہاب، سمیع اللہ، شیرعلی آفریدی اور نورین عارف کو ٹکٹ دیے گئے جبکہ شیرافضل مروت کوٹکٹ نہیں دیا گیا۔