اسرائیلی جارحیت کے 100 دن مکمل ہونے پر جماعت اسلامی کا کراچی میں غزہ مارچ

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

غزہ  پر  وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کے 100 دن مکمل ہونے پر جماعت اسلامی نےکراچی میں فلسطینیوں سے اظہار  یکجہتی کے لیے غزہ ملین مارچ کیا۔

شارع فیصل پر غزہ ملین مارچ میں خواتین اور بچوں سمیت کراچی کے شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

مارچ سے ٹیلی فونک خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نےکہا کہ امریکا، برطانیہ اور  یورپ کی سرپرستی اور  عالم اسلام کے حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے۔

سراج الحق نےکہا کہ اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ کیا ہوا ہے، غزہ میں بچوں اورخواتین کو بےدریغ شہیدکیا جارہا ہے، 58 اسلامی ممالک کو اہل غزہ کے لیےکھڑا ہونا چاہیے تھا، افسوس عالم اسلام کےحکمرانوں اور  اقوام متحدہ نے مجرمانہ خاموشی اپنائی ہے۔

سراج الحق نےکہا  کہ عوام کرپشن سے پاک پاکستان کے لیے، اہل غزہ اور فلسطینیوں کی مدد کے لیے انتخابات میں کرپٹ اور  بزدل حکمرانوں کو مسترد کر دیں اور  8 فروری کو  جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو  پر مہر لگائیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ دائرکرنے پر  جنوبی افریقا کو خراج تحسین پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ کاش کوئی اسلامی ملک اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت میں جاتا، فلسطینیوں کی حمایت پر ہم جنوبی افریقا کا احسان کبھی نہیں بھولیں گے ۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پاکستان پر حکمرانی کرنے والی پارٹیوں سے کہہ دیں کہ اگر  ووٹ لینا ہے تو حماس کے مجاہدین  اور  اہل غزہ کی حمایت کرو،  امریکا اور اسرائیل کی مذمت کرو ۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے حماس اور القسام کے مجاہدوں اور اہل غزہ کو بھلایا نہیں، ہماری جنگ انسانیت کے دشمنوں اور ان کے مقامی ایجنٹوں کے خلاف ہے۔

مزید خبریں :