Time 19 جنوری ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

اے آئی ٹیکنالوجی آئندہ 5 برسوں میں ہماری زندگیوں کو بدل کر رکھ دے گی، بل گیٹس

بل گیٹس / فائل فوٹو
بل گیٹس / فائل فوٹو

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کافی عرصے سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو اہم قرار دے رہے ہیں، مگر اب انہوں نے پیشگوئی کی ہے کہ یہ ٹیکنالوجی آئندہ 5 برسوں میں ہر فرد کی زندگی کو بدل کر رکھ دے گی۔

اے آئی ٹیکنالوجی کے عروج سے یہ خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد اپنی ملازمتوں سے محروم ہو سکتے ہیں اور گزشتہ دنوں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے دنیا بھر میں 40 فیصد ملازمتیں متاثر ہوسکتی ہیں۔

بل گیٹس بھی اس خیال کو مسترد نہیں کرتے مگر ان کا ماننا ہے کہ ہر نئی ٹیکنالوجی مختلف خدشات کے ساتھ سامنے آتی ہے، مگر پھر نئے مواقع ابھرتے ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے پیشگوئی کی کہ اے آئی ٹیکنالوجی ہر فرد کی زندگی کو آسان بنائے گی، خاص طور پر ڈاکٹروں کو اپنے پیپر ورک میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے لیے کسی نئی ڈیوائس کو تیار کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ کے موجودہ فون یا کمپیوٹر پر ہی اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چیٹ جی پی ٹی 4 کو اوپن اے آئی نے ڈرامائی حد تک بہتر بنایا ہے اور وہ لکھ پڑھ سکتا ہے، جس سے لوگوں کو اپنے کاموں میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کو تعلیم یا صحت کے شعبوں کا حصہ بنانا زبردست ہوگا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی پر بات کی ہے۔

اس سے قبل وہ کئی بار اے آئی ٹیکنالوجی کو حالیہ دہائیوں کی اہم ترین ٹیکنالوجیکل پیشرفت قرار دے چکے ہیں۔

کچھ عرصے قبل انہوں نے یہ پیشگوئی بھی کی تھی کہ ڈیڑھ سال کے اندر اے آئی چیٹ بوٹس بچوں کو پڑھنے اور لکھنے میں مدد فراہم کر رہے ہوں گے۔

مارچ 2023 میں ایک بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کو مائیکرو پراسیسر، پرسنل کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور موبائل فون جتنا اہم قرار دیا تھا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی لوگوں کے کام کرنے، سیکھنے، سفر، طبی نگہداشت اور ایک دوسرے سے رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی۔

مزید خبریں :