پاکستان
Time 20 جنوری ، 2024

پاک ایران تعلقات میں بہتری کے بعد فضائی ٹریفک معمول پر آنے لگی

مغربی سمت سے پاکستان کی حدود آنے والی پروازوں کی تعداد معمول پرآگئی: سی اے اے ذرائع— فوٹو:فائل
 مغربی سمت سے پاکستان کی حدود آنے والی پروازوں کی تعداد معمول پرآگئی: سی اے اے ذرائع— فوٹو:فائل

پاکستان اور ایران کے تعلقات میں بہتری کے بعد فضائی ٹریفک معمول پر آنے لگی۔

ذرائع سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق پاکستان کی حدود میں پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔

ذرائع سی اے اے نے بتایاکہ مغربی سمت سے پاکستان کی حدود آنے والی پروازوں کی تعداد معمول پرآگئی اور یومیہ 700 پروازیں پاکستان کی فضائی حدود سے گزر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاک ایران کشیدگی کے باعث فضائی ٹریفک میں کمی آگئی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایران نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کے علاقے پنگجور میں ایک چھوٹے سے گاؤں پر میزائل حملےکیے جس میں 2 بچیاں شہید اور 3 زخمی ہوگئیں۔

پاکستان نے ایران کے سفیر کو ملک بدر اور اپنے تہران میں تعینات سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔

پاکستان نے اگلی صبح ہی ایران کے حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی سیستان میں پاکستانی فورسز کے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی شہری نہیں ہیں۔

تاہم گزشتہ روز پاکستان نے ایران کے ساتھ کشیدگی ختم اور سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید خبریں :