پوپ کارن کھانے سے صحت کو ہونے والے حیرت انگیز فوائد

پوپ کارن بیشتر افراد کو پسند ہوتے ہیں / فائل فوٹو
پوپ کارن بیشتر افراد کو پسند ہوتے ہیں / فائل فوٹو

پوپ کارن کو دنیا بھر میں کروڑوں افراد شوق سے کھاتے ہیں۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ پوپ کارن کھانے کی عادت سے صحت پر کتنے حیران کن اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

اگر نہیں تو جان لیں کہ اس میں زیادہ نمک اور گھی کا اضافہ نہ کیا جائے تو یہ صحت کے لیے مفید چیز ہے۔

زیادہ اچھی بات یہ ہے کہ ان کو تیزی اور آسانی سے گھر میں تیار کیا جا سکتا ہے۔

پوپ کارن میں فائبر جیسا غذائی جز کافی مقدار میں ہوتا ہے جبکہ مختلف اینٹی آکسائیڈنٹس اور دیگر اجزا بھی جسم کو ملتے ہیں۔

پوپ کارن کھانے سے صحت پر مرتب اثرات درج ذیل ہیں، مگر یہ واضح رہے کہ یہ فوائد اسی وقت ہوتے ہیں جب پوپ کارن میں نمک کی مقدار بہت کم ہو۔

غذائی اجزا

پوپ کارن میں فائبر اور مختلف اینٹی آکسائیڈنٹس کے ساتھ ساتھ آئرن، میگنیشم، فاسفورس، زنک، کاپر،پوٹاشیم، پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، چکنائی، فولیٹ، وٹامن بی 3، وٹامن بی 2، وٹامن بی 1، وٹامن بی 6، وٹامن اے، وٹامن ای، وٹامن K اور Pantothenic acid جیسے غذائی اجزا بھی موجود ہوتے ہیں۔

ذیابیطس کا خطرہ کم ہوتا ہے

سالم اناج انسانی صحت کے لیے بہت زیادہ مفید قرار دیا جاتا ہے خاص طور پر ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

درمیانی عمر کے مردوں اور خواتین اگر سالم اناج جیسے پوپ کارن کھانا عادت بنائیں تو ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ پوپ کارن کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے جبکہ خون میں چکنائی کی سطح بھی بہتر ہوتی ہے۔

امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے

فائبر ایسا غذائی جز ہے جو دل کی شریانوں سے جڑے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔

پوپ کارن میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

بلڈ پریشر سے بچنے میں مدد ملتی ہے

ذیابیطس اور امراض قلب کا خطرہ کم کرنے کے ساتھ ساتھ نمک کے بغیر پوپ کارن کھانے سے بلڈ پریشر کو کم کرنا ممکن ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پوپ کارن کھانے سے ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔

جسمانی وزن میں کمی

اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو پوپ کارن سے مدد لے سکتے ہیں۔

پوپ کارن میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ کیلوریز کم ہوتی ہیں جس سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

پوپ کارن کھانے سے پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے اور بے وقت کچھ کھانے سے بچنا ممکن ہوتا ہے، جس سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور

پوپ کارن میں پولی فینولز اینٹی آکسائیڈنٹس کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

اینٹی آکسائیڈنٹس خلیات کو تحفظ فراہم کرتے ہیں جبکہ خون کی گردش بہتر ہوتی ہے۔

نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ پوپ کارن میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

نظام ہاضمہ کو صحت مند بنانے کے لیے فائبر بہت اہم غذائی جز ہے، جس سے قبض جیسے مرض سے بچنا ممکن ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :