21 جنوری ، 2024
بادام صحت کے لیے بہت مفید ہوتے ہیں جس کی وجہ اس گری میں فائبر، وٹامن ای اور دیگر غذائی اجزا کی موجودگی ہے۔
مگر بیشتر افراد کے خیال میں باداموں کو پانی میں بھگو کر کھانا صحت کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔
درحقیقت ایسے افراد کی کمی نہیں جو رات بھر باداموں کو کسی برتن میں بھگو کر رکھتے ہیں اور صبح کھالیتے ہیں۔
مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی حقیقت کے خشک بادام بھی صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوتے ہیں۔
البتہ اگر آپ بادام بھگو کر کھانا پسند کرتے ہیں تو اس کے چند فوائد جان لیں۔
بادام بھگونے سے ان میں موجود مختلف اجزا جیسے tannins اور آکسلیٹس کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔
یہ اجزا دیگر غذائی اجزا کے جذب ہونے کے عمل میں رکاوٹ بنتے ہیں جبکہ ان کی مقدار میں کمی سے بادام غذائی اعتبار سے زیادہ مفید ہو جاتے ہیں۔
بادام بھگو کر رکھنے سے phytic ایسڈ کے ٹکڑے کرنے میں مدد ملتی ہے۔
یہ ایسڈ بادام کے چھلکے میں موجود ہوتا ہے اور اس کے ٹکڑے ہونے سے میگنیشم، کیلشیئم اور آئرن جیسے اجزا کا جسم میں جذب ہونے کا عمل بہتر ہو جاتا ہے۔
پانی میں رہنے سے بادام زیادہ نرم ہو جاتے ہیں اور انہیں چبانا یا ہضم کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ بادام بھگو کر کھانا ان افراد کے لیے زیادہ مفید ہوتا ہے جن کا نظام ہاضمہ زیادہ حساس ہوتا ہے۔
ایسے افراد کے لیے خشک بادام کو ہضم کرنا مشکل ہوتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس میں عندیہ ملا ہے کہ بادام بھگو کر کھانے سے نظام ہاضمہ بہتر ہوسکتا ہے۔
باداموں میں ایسے انزائمے موجود ہوتے ہیں جو نظام ہاضمہ کو معاونت فراہم کرتے ہیں۔
باداموں کو بھگو کر رکھنے سے یہ انزائمے زیادہ متحرک ہو جاتے ہیں جس سے باداموں اور دیگر غذاؤں میں موجود غذائی اجزا کو جذب کرنے میں مدد ملتی ہے۔
باداموں کو بھگو کر رکھنے سے انہیں چبانے میں مدد ملتی ہے اور پیٹ جلد بھر جاتا ہے۔
اسی طرح باداموں میں موجود فائبر پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رکھتا ہے جس سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ متوازن غذا کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔
باداموں میں دل کی صحت کے لیے مفید چکنائی موجود ہوتی ہے۔
باداموں کو بھگو کر رکھنے سے یہ چکنائی خارج کرنے میں مدد ملتی ہے اور اس طرح دل کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
بھگو کر بادام کھانے سے فائبر اور صحت کے لیے مفید چکنائی بلڈ شوگر کو مستحکم رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
انسولین کی مزاحمت اور ذیابطیس کے مریضوں کے لیے بادام بھگو کر کھانا زیادہ بہتر ہوتا ہے کیونکہ وہ بلڈ شوگر کی سطح کو تیزی سے بڑھنے سے روک سکتے ہیں۔
بھگوئے جانے پر بھی باداموں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس برقرار رہتے ہیں۔
اینٹی آکسائیڈنٹس سے جسم کو تکسیدی تناؤ سے مقابلہ کرنے میں مدد ملتی ہے جس سے مختلف دائمی امراض جیسے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
بادام وٹامن ای کے حصول کا اچھا ذریعہ ہیں۔
یہ وٹامن جِلدی صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔
بادام بھگو کر کھانے سے اس وٹامن تک زیادہ آسانی سے رسائی ملتی ہے جس سے جِلد کو صحت مند رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
باداموں میں موجود غذائی اجزا جیسے بائیوٹین اور فیٹی ایسڈز بالوں کی صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں۔
بادام بھگو کر رکھنے سے ان اجزا کی دستیابی بڑھ جاتی ہے جس سے بالوں کی مضبوطی اور چمک بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔