27 جنوری ، 2024
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان ’کے پی کے چند لوگ جلد بیوقوف بن جاتے ہیں‘ کی مذمت کی ہے اور شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان اے این پی خیبرپختونخوا ثمر بلور کے مطابق تین بار وزیراعظم رہنے والے کو زیب نہیں دیتاکہ ایک صوبےکے عوام کوبیوقوف کہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بیان کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں نوازشریف اپنے الفاظ واپس لیں، پوری قوم سے معافی مانگیں۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ لوگ کس منہ سے یہاں آکر ووٹ مانگیں گے، ماضی میں اسی جماعت نےہمارےحقوق دینےسےانکارکیاتھا، حقوق سے انکارپرخان عبدالولی خان نے ان سے اتحاد سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔
ثمربلور نے مزید کہا کہ شاید آج نوازشریف ایک بارپھرتاریخ دہرارہے ہیں، پختونخوا کے عوام کے نمائندے ابھی موجود ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور میں منشور جاری کرنے کی تقریب سے خطاب میں نواز شریف نےکہا تھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ آسانی سے بیوقوف بن جاتے ہیں، یہ بیماری خیبرپختونخوا سے ہی آئی ہے، 2013 میں ان کی حکومت بننے ہی نہیں دینی تھی، نہ ہوتا بانس نہ بجتی بانسری۔