25 فروری ، 2012
صنعاء … یمن کے صدارتی محل کے نزدیک کار بم دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یمن کے شہر موکالا میں صدارتی محل کے نزدیک خود کش دھماکا ہوا،دھماکے کا ہدف سابق صدر علی عبداللہ صالح کا بیٹا تھے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ نزدیکی عمارتیں لرز اٹھیں اور کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے سے صدارتی گارڈز بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ ادھر منصور الہادی نے آئندہ 2 سال کیلئے یمن کی عبوری حکومت کی قیادت بطور صدر سنبھال لی ہے۔ صنعاء میں سپریم کمیشن فار الیکشن کے چیئرمین محمد الحاکمی نے پریس کانفرنس میں 60 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرکے عبدالرب منصور الہادی کے کامیاب ہونے کا اعلان کیا۔ الہادی کا کہنا تھا کہ ملک میں قیام امن کیلئے القاعدہ سے لڑائی جاری رہے گی۔