Time 08 فروری ، 2024
پاکستان

انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے، کامن ویلتھ مبصر گروپ کا پولنگ کے عمل پر اظہار اطمینان

ووٹنگ عمل میں انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں، انٹرنیٹ دریافت ہونے سے قبل ہم الیکشن کرا رہے تھے : کامن ویلتھ کے مبصر گروپ کے سربراہ/ فائل فوٹو
ووٹنگ عمل میں انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں، انٹرنیٹ دریافت ہونے سے قبل ہم الیکشن کرا رہے تھے : کامن ویلتھ کے مبصر گروپ کے سربراہ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: کامن ویلتھ کے مبصر گروپ کے سربراہ نے ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے کہا کہ انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے۔

کامن ویلتھ آبزرورز گروپ نے اسلام آباد کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور بیرون ملک سے آنے والے مبصرین، صحافی اور آبزرورز نے ووٹنگ صورتحال کا جائزہ لیا۔

کامن ویلتھ آبزرورزکے 25 رکنی وفد نے این اے47 اسلام آبادکے مختلف پولنگ اسٹیشنزکادورہ کیا اور پولنگ کے عمل کو شفاف قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامن ویلتھ کے مبصر گروپ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے پولنگ عمل سے مطمین ہیں، انٹرنیٹ دریافت ہونے سے قبل ہم الیکشن کرا رہے تھے، انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے۔

سربراہ کامن ویلتھ مبصر گروپ نے مزید کہا کہ ووٹنگ عمل میں انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں البتہ رزلٹ بھیجتے وقت انٹرنیٹ بندش سے مسئلہ ہوگا۔

واضح رہے ملک بھر میں عام انتخابات کے دوران پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئیں۔

اس حوالے سے ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اسی لیے امن و امان قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔

 Constituency | Pakistan Election 2024 | Election Results | NA


مزید خبریں :