مخلوط حکومت کیلئے جوڑ توڑ، شہباز اور ڈار کی آج رات آصف زرداری سے ملاقات کا امکان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی اتحادی حکومت بنانے کی دعوت کے اعلان کے  بعد سابق صدرآصف علی زرداری اور اور  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو لاہور پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری لاہور پہنچ گئے ہیں ۔بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری بھی  سکھر سے خصوصی طیارے سے لاہور پہنچے۔فریال تالپور بھی بلاول بھٹو کے ساتھ ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار آج رات آصف زرداری سے ملاقات کریں گے جس میں اتحادی حکومت بنانے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری کل صبح اسلام آباد میں الیکشن میں کامیاب ہونے والے ایسے آزاد امیدوار جن کا کسی پارٹی سے تعلق نہیں ہے  ان سے ناشتے پر ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ن لیگ کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں آصف زرداری کے ہمراہ بلاول کے بھی ہونے کے امکانات ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے عام انتخابات کے نتائج میں سب سے بڑی جماعت ہونے، دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو ملک کیلئے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دے دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کا احترام کرتے ہیں چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں، ان کو بھی دعوت دیتے ہیں زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو، ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کا ٹاسک دیا ہے، انہیں مینڈیٹ دیا ہے کہ آج ہی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں۔

مزید خبریں :