ہارٹ فیلیئر جیسے جان لیوا مرض سے بچنا بہت آسان

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ہارٹ فیلیئر ایسی طویل المعیاد بیماری ہے جس کے دوران جسم کے لیے دل مناسب مقدار میں خون پہنچانے سے قاصر ہوجاتا ہے۔

یعنی ایسا نہیں ہوتا کہ دل کام کرنا بند کر دیتا ہے، بس وہ پہلے کی طرح ٹھیک کام نہیں کر پاتا۔

اس بیماری کا علاج نہیں بلکہ ادویات کی مدد سے اسے بڑھنے سے روکا جاتا ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ اس مرض سے بچنا زیادہ مشکل نہیں۔

درحقیقت روزانہ کچھ وقت تک چلنے کی عادت سے آپ اس جان لیوا مرض سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کر سکتے ہیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Buffalo یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہارٹ فیلیئر سے بچنے کے لیے روزانہ 10 ہزار قدم چلنے کی ضرورت نہیں بلکہ 4 ہزار سے کم قدم چلنا بھی مفید ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 63 سے 99 سال کی عمر کی لگ بھگ 6 ہزار خواتین کو شامل کیا گیا۔

ان خواتین کو ٹریکنگ ڈیوائسز پہنائی گئی تھیں تاکہ ان کی جسمانی سرگرمیوں اور آرام کے وقت کا تعین ہو سکے اور پھر اس ڈیٹا کا موازنہ ہارٹ فیلیئر کے خطرے سے کیا گیا۔

ان خواتین کی صحت کا جائزہ ساڑھے 7 سال تک لیا گیا جس دوران 407 ہارٹ فیلیئر کے کیسز سامنے آئے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ اوسطاً 3600 قدم چلنے سے ہارٹ فیلیئر سے متاثر ہونے کا خطرہ 26 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ زیادہ سخت جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا مشکل ہو جاتا ہے مگر روزانہ 3 ہزار قدم چلنا مشکل نہیں اور اس سے دل کی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل JAMA Cardiology میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل مارچ 2023 میں جرنل Jama نیٹ ورک میں شائع تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ہر ہفتے ایک یا 2 بار 8 ہزار قدم چلنے والے افراد میں قبل از موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ ہفتے میں ایک یا 2 دن اس طرح کی چہل قدمی سے دل کی صحت کو اتنا ہی فائدہ ہوتا ہے، جتنا روزانہ 8 ہزار قدم چلنے والوں کو ہوتا ہے۔

جاپان کی Kyoto یونیورسٹی اور امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ جن افراد کے لیے روز ورزش کرنا مشکل ہوتا ہے، اگر وہ ہفتے میں ایک یا 2 بار بھی 8 ہزار قدم چلتے ہیں تو ان کی صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 3100 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ٹریکرز کے ذریعے ان کے روزانہ کے قدموں کے ڈیٹا کو اکٹھا کیا گیا۔

محققین نے ان افراد کی صحت کا جائزہ ایک دہائی تک لیا۔

نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ جو افراد ہفتے میں ایک یا 2 دن 8 ہزار قدم چلتے ہیں، ان میں کسی بھی بیماری سے آئندہ ایک دہائی میں موت کا خطرہ 14.9 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

اسی طرح 7 دنوں میں 3 سے 7 بار 8 ہزار قدم چلنے سے موت کا خطرہ 16.5 فیصد گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس عادت سے 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی صحت کو سب سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

مزید خبریں :