Time 02 مارچ ، 2024
پاکستان

ن لیگ کا کے پی اسمبلی میں خاتون رکن سے بدتمیزی پر جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ

فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس

مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا (کے پی) کے صدر  امیر  مقام نےکے پی اسمبلی میں ن لیگ کی خاتون ممبر  ثوبیہ شاہد کے ساتھ بدتمیزی کے واقعےکی مذمت کرتے ہوئے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ کے پی اسمبلی میں ہماری خاتون رکن کے ساتھ جو ہوا قابل مذمت ہے، یہ خیبرپختونخوا کے عوام کی تذلیل ہے، خاتون کے احترام کو  پامال کرنےکے لیے چن چن کر غنڈے لائے گئے، خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کا وجود برداشت نہیں کیا جا رہا۔

امیر مقام نے مطالبہ کیا کہ اسمبلی میں بوتلیں پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، زیادہ لوگوں کےلانےکی تحقیقات اور ان پر مقدمات ہونے چاہئیں، واقعے پر شرقی تھانے میں درخواست دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عددی اکثریت کی بنیاد  پرکچلنے کی پالیسی نہیں چلےگی، جنہوں نے اسمبلی میں یہ سب کیا انہیں سزا دی جائے، تحقیقات ہو کہ ان لوگوں کو  اسمبلی میں کیسے اندر چھوڑا گیا، ہم جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں، تحقیقات کے لیے ویڈیوز دیکھی جائیں، ہم بھی تعاون کریں گے،کے پی اسمبلی میں جو ہوا، کسی دوسری اسمبلی میں نہیں ہوا، اگر ایف آئی آر نہیں ہوتی تو وفاقی ایجنسیوں کے پاس جائیں گے۔

مزید خبریں :