04 مارچ ، 2024
دنیا بھر میں کینسر تیزی سے پھیل رہا ہے اور پھیپھڑوں کا کینسر سرطان کی سب سے زیادہ تشخیص ہونے والی قسم ہے۔
یکم فروری 2024 کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے ایک رپورٹ میں کینسر کے چونکا دینے والے اعداد و شمار جاری کیے گئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2022 میں کینسر کے نئے کیسز کی تعداد 2 کروڑ جبکہ اموات ایک کروڑ کے قریب پہنچ گئیں۔
2022 میں دنیا بھر میں کینسر کے 12.4 فیصد کیسز پھیپھڑوں کے سرطان کے تھے جس کے بعد بریسٹ کینسر (11.6 فیصد) جبکہ colon کینسر (9.6 فیصد) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
کینسر کی مجموعی اموات میں سے 18.7 فیصد اموات پھیپھڑوں کے کینسر سے ہوئیں، جس کے بعد colon کینسر (9.3 فیصد)، جگر کا کینسر (7.8 فیصد) اور بریسٹ کینسر (6.9 فیصد) رہے۔
خواتین کے مقابلے میں مردوں میں پھیپھڑوں کا کینسر سب سے زیادہ عام ہوتا ہے کیونکہ ان میں تمباکو نوشی کی عادت کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ پھیپھڑوں کی کینسر کی علامات کو جاننا ضروری ہے تاکہ اس مرض کی تشخیص جلد از جلد ہوسکے۔
عموماً پھیپھڑوں کے کینسر کی علامات ابتدائی مرحلے میں ظاہر نہیں ہوتیں۔
یہ علامات یا نشانیاں اس وقت نظر آتی ہیں جب بیماری کی شدت بڑھ جاتی ہے۔
اس کی چند علامات قابل ذکر ہیں۔
1۔ ایسی کھانسی جو ٹھیک نہ ہو۔
2۔ کھانسی میں خون آنا، چاہے معمولی مقدار میں ہی کیوں نہ ہو۔
3۔ سانس لینے میں مشکل محسوس ہونا۔
4۔ سینے میں تکلیف ہونا۔
5۔ آواز کا بیٹھ جانا یا بھاری ہو جانا۔
6۔ بغیر کسی کوشش کے جسمانی وزن میں اچانک کمی آنا۔
7۔ ہڈیوں میں تکلیف ہونا۔
8۔ سر یا کمر میں درد کی شکایت ہونا۔
اگر اوپر درج علامات کا تسلسل برقرار رہے تو فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔