ہماری خاندان کی خواتین مردوں سے زیادہ کماتی تھیں: احمد علی بٹ

عام تاثر ہے کہ جہاں عورت زیادہ کمانے لگتی ہے مرد غیر محفوظ ہوجاتا ہے: اداکار کی پروگرام میں گفتگو/ فائل فوٹو
عام تاثر ہے کہ جہاں عورت زیادہ کمانے لگتی ہے مرد غیر محفوظ ہوجاتا ہے: اداکار کی پروگرام میں گفتگو/ فائل فوٹو

پاکستانی اداکار و میزبان احمد علی بٹ کا کہنا ہے کہ میرا بچپن کئی مضبوط  خواتین کے درمیان گزرا  جہاں عورتیں مردوں سے زیادہ کماتی تھیں۔

احمد علی بٹ ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کے نواسے اور  ظلِ ہما کے بیٹے ہیں، وہ حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے بتایا کہ ہماری فیملی میں عورتوں کی حکمرانی تھی، یوں کہیں کہ رضیہ غنڈوں میں پھنس گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ  ہماری فیملی کی خواتین مردوں سے زیادہ (دگنا)کماتی تھیں لیکن اس کے باوجود کبھی بھی انہوں نے مردوں کو نیچا نہیں دکھایا، عام تاثر ہے کہ جہاں عورت زیادہ کمانے لگتی ہے مرد غیر محفوظ ہوجاتا ہے، اس لیے عورت پر منحصر ہے کہ وہ اپنے مرد کو کس حد تک تحفظ فراہم کرے۔

احمد علی بٹ کا کہنا تھاکہ میں نے ایک ایسی فیملی میں پرورش پائی تھی جہاں میری آنکھیں میوزک سے کھلتی تھیں، اس لیے شروعات میں میرا رجحان بھی میوزک کی طرف رہا، میں اکثر جب کسی کے گھر جاتا تو وہاں میوزک نہ ہوتو سوچ میں پڑجاتا تھا کہ کیسے لوگ ہیں ان کے گھر میں میوزک کا نام ونشان نہیں ، ان کی عورتیں پردہ کرکے کیوں خود کو چھپائے بیٹھی ہیں یہ سب کچھ میرے لیے حیران کن تھا۔ 

انہوں نےمزید  بتایا کہ مجھے بعد میں احساس ہوا کہ ایک ہاؤس وائف کی ذمہ داریاں زیادہ ہیں کیوں کہ ایک ہاؤس وائف کو دن میں 24 گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے، ایک ہاؤس وائف عورت صرف اپنے خاندان کی بہتری کے لیے سوچتی اور کام کرتی ہے  اس طرح ہاؤس وائف  ہونا کیرئیر چلانے سے کہیں زیادہ مشکل کام ہے۔ 

مزید خبریں :