پی ٹی آئی نے سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت کی خواہش ظاہر کر دی

ایک پارٹی برسراقتدار آکر دوسری کو تختۂ مشق بناتی ہے، انتقام کے چکر میں بہت زیادتیاں ہو گئیں، اس عمل کا خاتمہ ہونا چاہیے، شیر افضل مروت کی گفتگو— فوٹو: فائل
ایک پارٹی برسراقتدار آکر دوسری کو تختۂ مشق بناتی ہے، انتقام کے چکر میں بہت زیادتیاں ہو گئیں، اس عمل کا خاتمہ ہونا چاہیے، شیر افضل مروت کی گفتگو— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت کی خواہش ظاہر کر تے ہوئے کہا ہے کہ ایک پارٹی برسراقتدار آکر دوسری کو تختۂ مشق بناتی ہے، اس عمل کا خاتمہ ہونا چاہیے، انتقام کے چکر میں بہت زیادتیاں ہو گئیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتےہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے کہاکہ ہم حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان دراڑ پڑنے کا انتظار نہیں کریں گے، اب ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت ہو۔

 انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ان کا تعلق اب بھی وہیں کھڑا ہے جہاں 9 مئی کی رات کو کھڑا تھا۔ پی ٹی آئی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ سیاسی قوتوں سے بات نہیں ہوسکتی مگر بات چیت کے ایجنڈے پر اختلاف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والی دھاندلی کا سب سے زیادہ فائدہ ایم کیو ایم کو ہوا، ایم کیو ایم کے امیدواروں نے 6-6 اور 10-10 ہزار ووٹ لیے اور انہیں سیٹیں دے دی گئیں، ان سے بات چیت ناممکن ہے۔

شیر افضل کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا، مسلم لیگ ن کہتی رہی ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی وکٹم رہی ہے، اسے چاہیے کہ وہ بھی اس بات کا ادراک کر لے۔

سیاسی قوتوں سے ممکنہ مفاہمت سے متعلق رضامندی ظاہر کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی ڈیل صرف سیاسی قوتوں سے ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں :