Time 10 مارچ ، 2024
صحت و سائنس

جسمانی وزن میں کمی کے لیے ہر ہفتے کتنی ورزش کرنی چاہیے؟

اس مقصد کے لیے روزانہ ورزش کرنے کی ضرورت نہیں / فائل فوٹو
اس مقصد کے لیے روزانہ ورزش کرنے کی ضرورت نہیں / فائل فوٹو

ورزش کو صحت کے لیے بہت زیادہ مفید قرار دیا جاتا ہے مگر جسمانی وزن میں کمی کے لیے ہر ہفتے کتنی بار اس کے لیے وقت نکالنا چاہیے؟

اچھی خبر یہ ہے کہ اس کے لیے روزانہ ورزش کرنے کی ضرورت نہیں۔

درحقیقت ہر ہفتے ایک یا 2 دن ورزش کرنے سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانے میں نمایاں کامیابی حاصل ہوتی ہے۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Fuwai Hospital کی تحقیق میں جائزہ لیا گیا تھا کہ جسمانی چربی کو گھلانے کے لیے ہر ہفتے کتنی ورزش کی ضرورت ہوتی ہے۔

اس مقصد کے لیے ساڑھے 9 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ان میں سے 4500 افراد ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ ورزش کرنے کے عادی تھے جبکہ زیادہ تر افراد ہفتے میں 3 دن ایسا کرتے تھے۔

مگر 772 افراد ایسے تھے جو جسمانی سرگرمیوں کے لیے ہفتے میں ایک یا 2 دن ہی وقت نکالتے تھے۔

دونوں گروپس میں شامل افراد کے پیٹ اور گرد کے گرد چربی کی مقدار کم تھی، جسمانی وزن بھی ورزش نہ کرنے والوں کے مقابلے میں کم تھا۔

درحقیقت دونوں گروپس کے جسمانی وزن کے پیمانوں میں کوئی خاص فرق دریافت نہیں ہوا۔

تحقیق میں شامل افراد ہر قسم کی غذا استعمال کرتے تھے اور محققین نے بتایا کہ کسی فرد کی غذا جو بھی ہو اس سے کوئی فرق نہیں کرتا، درحقیقت ہفتے میں ایک یا 2 ورزش کرنے سے بھی جسمانی چربی گھلانے میں کامیابی حاصل ہوتی ہے۔

یہ نتائج حیران کن ہیں کیونکہ ماضی کی تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ جسمانی وزن میں کمی کے لیے ورزش کے ساتھ ساتھ غذا کا کردار بھی اہم ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ہفتے میں ایک یا 2 دن ورزش کرنے والے افراد زیادہ سخت جسمانی سرگرمیوں کو اپناتے تھے اور یہی ان کے جسمانی وزن میں کمی کی کنجی ہے۔

محققین کے مطابق اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو پورے ہفتے میں 60 سے 90 منٹ کی معتدل ورزش کو عادت بنائیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل اوبیسٹی میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :