11 مارچ ، 2024
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے 1500 رجسٹرڈ دینی مدارس کو سولرائزیشن کے منصوبے میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ انرجی اینڈ پاورکا اجلاس ہوا جس میں حکام نے مساجد وعبادت گاہوں کی سولرائزیشن کے منصوبے میں مدارس بھی شامل کرنےکا فیصلہ کیا۔
علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ 1500 تک رجسٹرڈ دینی مدرسوں کو منصوبے میں شامل کیا جائے اور تمام اضلاع سے مدرسوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔
انھوں نے کہا کہ مدرسوں میں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ رہائش پذیر ہوتے ہیں ان کی سہولیات کیلئے شمسی توانائی فراہم کرنا ضروری ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ پیڈوکے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایگزیکٹوکمیٹی کے ارکان کی تعیناتی جلد کی جائے، پن بجلی منصوبوں کی تکمیل مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے اور پن بجلی منصوبوں میں غیرضروری تاخیر کسی صورت قبول نہیں۔
وزیراعلیٰ نے حکم دیاکہ آمدن کا ذریعہ بننے والے منصوبوں کی تکمیل کو پہلی ترجیح دی جائے اور مقررہ مدت تک منصوبے مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں پر جرمانہ کیا جائے۔