24 مارچ ، 2024
خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے ڈاکٹرز کے ذریعے اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کے طبی معائنے کا مطالبہ کر دیا۔
خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں پنجاب حکومت کا رویہ تشویشناک ہے،کے پی حکومت مطالبہ کرتی ہے کہ ان کی میڈیکل ٹیم کو پرویز الٰہی کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت اور رسائی دی جائے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہم یہ تسلی کرنا چاہتے ہیں کہ پرویز الٰہی گر کر زخمی ہوئے ہیں یا ان پر تشدد کیا گیا۔
بیرسٹرسیف نے کہا کہ تشویش ہےکہ مریم نواز ذاتی انتقام پر سیاسی مخالفین کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی اور پرویز الٰہی سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی پنجاب جیل میں ان کی حفاظت و تحفظ پر ہمیں تشویش ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ اگر پرویز الٰہی پر تشدد ثابت ہوگیا تو آپ کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
بیرسٹرسیف نے مزید کہا کہ مریم نواز کو تشدد کا بین الاقوامی قوانین کے تحت مرتکب ٹھہرائیں گے جس کے تحت جسمانی ، ذہنی و جذباتی تشدد جرم ہے، اگر خیبر پختونخوا کی میڈیکل ٹیم کو پرویز الٰہی تک رسائی نہیں دی گئی تو ہم ہر قسم کی قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔