دنیا
Time 08 اپریل ، 2024

بھارت: سفاک باپ نے کالی رنگت پر 18 ماہ کی بیٹی کو زہر دیکر ماردیا

قاتل باپ نے اپنی اہلیہ کو بچی کی موت کے حوالے سے بھی جھوٹ بولنے پر مجبور کیا/ فائل فوٹو
قاتل باپ نے اپنی اہلیہ کو بچی کی موت کے حوالے سے بھی جھوٹ بولنے پر مجبور کیا/ فائل فوٹو

بھارت میں سفاک شخص نے کالی رنگت کو وجہ بناکر مبینہ طور پر 18 ماہ کی بیٹی کو زہر کھلاکر مار ڈالا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست آندھرا پردیش کے پیٹسانے گنڈلا گاؤں سے تعلق رکھنے والے مہیش نے 18 ماہ کی بیٹی اکشیا کو پرساد میں زہر ملاکر کھلادیا، بعد ازاں مہیش نے اپنی اہلیہ کو بچی کی موت کے حوالے سے بھی جھوٹ بولنے پر  مجبور کیا۔

 بھارتی پولیس کا بتانا ہے کہ شراوانی نامی خاتون  نے کالی رنگت  والی بیٹی کو جنم دینے پر  شوہر اور سسرال والوں کی طرف سے تشدد اور بیٹی کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کروایا ہے۔

ایف آئی آر میں شراوانی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے سسرالی اسے بچی کے پاس نہیں جانے دیتے تھے، 31 مارچ کو خاتون نے اپنی بچی کو بے ہوش پایا جس کی ناک سے خون بہہ رہا تھا جس کے بعد اسپتال لے جانے پر ڈاکٹروں نےبچی کو  مردہ قرار دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق مہیش نے شراوانی کو مجبور کیا کہ وہ اکشیا کی موت کی وجہ سے متعلق   رشتہ داروں سے کہے کہ بچی کی موت دورہ پڑنے سے ہوئی جس کے بعد بچی  کی لاش کو  جلد ازجلد دفن کر دیا گیا تاہم شراوانی کی ماں نے مقامی پولیس میں شکایت درج کرادی۔

 ایف آئی آر میں  شراوانی نے  بتایا کہ مہیش اس سے قبل  بھی اکشیا کو دیوار  پر پھینک کر ،  کمرے میں بند رکھ کر  اور پانی کے ٹب میں ڈبو کر قتل کرنے کی کوشش کرچکا تھا۔

پولیس نے بیٹی کے قاتل  باپ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا اور بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کےلیے اسپتال منتقل کردیا۔

مزید خبریں :