دنیا
Time 10 اپریل ، 2024

"پاناما اسکینڈل" سے جڑے 27 افراد کیخلاف پاناما کی عدالت میں کیس کی سماعت

منی لانڈرنگ الزامات پر موزیک فونسیکا لا فرم کے مالکان، وکلا اور ملازمین سمیت 27 افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جا رہا ہے— فوتو: فائل
منی لانڈرنگ الزامات پر موزیک فونسیکا لا فرم کے مالکان، وکلا اور ملازمین سمیت 27 افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جا رہا ہے— فوتو: فائل

دنیا بھر کے کئی ملکوں میں  حکومتوں کو ہلا دینے والے ٹیکس چوری سے متعلق 2016 کے "پاناما پیپرز اسکینڈل" سے جڑے 27 افراد کے خلاف منی لانڈرنگ الزامات پر پاناما کی فوجداری عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔

پاناما میں منی لانڈرنگ الزامات پر موزیک فونسیکا لا فرم کے مالکان، وکلا اور ملازمین سمیت 27 افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جا رہا ہے، الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو 12 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

موزیک فونسیکا کمپنی سے افشا ہونے والی 1 کروڑ 10 لاکھ دستاویزات میں انکشاف کیا گیا تھا کہ دنیا کے متعدد دولت مندوں کے اثاثے آف شور کمپنیوں میں چھپے ہوئے ہیں۔

پاناما پیپرز میں دنیا بھر کے ارب پتی، سیاست دانوں اور یہاں تک کہ کھیلوں کے ستاروں سمیت با اثر شخصیات کے راز آشکار کیے گئے تھے۔

پاناما لیکس کے بعد آئس لینڈ کے وزیر اعظم سگمنڈور ڈیوڈ گنلاگسن اپنے خاندان کے آف شور اکاؤنٹس کے انکشاف کے بعد استعفیٰ دینے پر مجبور ہوگئے تھے۔

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کو دستاویزات میں ملوث ہونے کے بعد عہدے سے تاحیات نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ ارجنٹینا اور یوکرین کے رہنماؤں، چینی سیاست دانوں اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت دیگر لوگوں کو جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں :