’پاکستان کیلئے کر ڈالو‘، معاشی ترقی کیلئے سیاسی، سماجی و کاروباری رہنما ایک آواز ہوگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

’پاکستان کیلئے اس بار کر ڈالو‘ مہم کے پلیٹ فارم پر ملک کی معاشی ترقی کیلئے تحریک انصاف، ن لیگ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما ایک آواز ہو گئے، جیو اور جنگ گروپ کی مہم کی تعریف کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کیلئے اچھی کوشش قرار دے دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور ن لیگ کے سینیئر رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے بے پناہ وسائل کا درست استعمال انتہائی ضروری ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا کہ ذاتی، گروہی اور سیاسی مفادات کو پیچھے چھوڑ کر ملک کا سوچنا ہوگا۔

وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری نے کہا ایسی اصلاحات کر رہے ہیں جو سب کے مفاد میں ہوں۔

تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ جیو اور جنگ کی مہم معاشی بحالی کیلئے ہنگامی راستے تلاش کرنے کی کوشش ہے۔

وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا اب نہیں تو کب؟ ہم دوراہے پر کھڑے ہیں، جو بھی فیصلہ کریں گے اس کا اثر ہماری نسلوں پر ہوگا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں کو بہتر کرنے، واضح پالیسیاں بنانے اور ان پر عوام کا اعتماد بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ احتساب کے اداروں کی از سرِ نو ایسی تشکیل ہو کہ کوئی سیاست دان ان پر اثرانداز نہ ہو سکے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن کی مہم معیشت کی بحالی کیلئے آگے بڑھنے کا راستہ دکھا سکتی ہے۔

سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام ہوگا تو معیشت بھی ترقی کرے گی۔

دوسری جانب صنعت کاروں، تاجروں اور وکلا نے بھی ’پاکستان کیلئے  اس بار کر ڈالو‘ مہم کی تعریف کی ہے۔

معروف کاروباری شخصیت محمد علی ٹبہ نے کہا کہ معاشی مسئلہ ٹیکس آمدنی بڑھانے سے حل ہوگا۔

پاکستان بزنس کونسل کے سربراہ احسان ملک نے کہا کہ کم ٹیکس آمدنی عوام کو سہولیات نہ پہنچنے کی بڑی وجہ ہے۔

معروف صنعت کار عارف حبیب نے کہا ٹیکس کی بلند شرح سرمایہ کاری میں کمی کی وجہ ہے۔

آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اکبر زیدی نے کہا کہ وقت کم اور مقابلہ سخت ہے، ٹیکس کا نظام بہتر کردیں، معیشت بہتر ہوجائے گی۔

ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد سلہری کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے مہم بہترین طریقہ ہے۔

معروف بزنس پرسن احمد چنائے نے کہا یہی موقع ہے کہ ہم پاکستان کیلئے کچھ کر گزریں۔

مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ مہم ملک کے تاجروں کیلئے بہترین قدم ہے۔

سپریم کورٹ بار کے سابق صدر امان اللہ کنرانی بولے ملک و قوم کی بقا اسی میں ہے کہ سب مل کر معیشت کو آگے لیکر جائیں۔

مزید خبریں :