پاکستان

پنجاب میں مہنگی روٹی فروخت کرنے پر 80 سے زائد افراد گرفتار، متعدد ہوٹل سیل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پنجاب میں مہنگی روٹی فروخت کرنے پر 80 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور متعدد ہوٹل سیل کر دیے گئے۔

لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے 16 روپے کی روٹی بیچنے کے احکامات کی خلاف ورزی پر 98 مقدمات درج کرکے 75 افراد گرفتار کو گرفتار کرلیا گیا۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 2 ہزار 265 نان روٹی پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران  280 مقامات پر خلاف ورزیاں پائی گئیں۔

 ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روٹی نان کی قیمتوں کی خلاف ورزی پر 3 لاکھ سے زائد کے جرمانے بھی کیے گئے ۔

اس کے علاوہ ملتان میں پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 6 ہوٹلز کو سیل کیا گیا ہے جبکہ 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کے بعد روٹی بھی سستی کردی گئی تھی اور روٹی کی نئی قیمت 16 روپے مقرر کی گئ جس کے بعد حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف حکومت کا ایکشن جاری ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں 16 روپے کی روٹی بیچنے کے حکومتی احکامات کے بعد نان بائی دو حصوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔

راولپنڈی ڈویژن میں گرفتاریوں اور چھاپوں کے خلاف نان بائیوں نے آج ہڑتال کردی جب کہ ٹیکسلا، گوجرخان، جاتلی، کلرسیداں اور گرد ونواح میں آج صبح سے تندور بند ہیں جس کے باعث نان پراٹھا نہ ملنے پر شہریوں نے بیکریوں کا رخ کرلیا۔

مزید خبریں :