31 جنوری ، 2013
کراچی … سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کہتے ہیں کہ آج سے دہشت گردوں کیخلاف بڑے پیمانے پر ٹارگٹڈ کارروائی شروع ہوگی، سندھ کے مختلف اضلاع سے پولیس کی اضافی نفری کل کراچی پہنچ جائے گی، سازش کے تحت کراچی میں قتل و غارت کی جارہی ہے۔امن و امان سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز نے طالبان عناصر سمیت کچھ سیاسی جماعتوں کے لوگوں کو بھی گرفتار کیا ہے، اب حکومت ایکشن میں آئے گی اور دہشت گرد دفاعی پوزیشن میں چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ کراچی میں بد امنی کے باعث الیکشن وقت پر نہیں ہوسکیں، ایک سازش کے تحت شہر میں قتل و غارت کی جارہی ہے۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ آج سے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ٹارگٹڈ ایکشن شروع ہوجائے گا، سندھ کے مختلف اضلاع سے پولیس کی اضافی نفری کل کراچی پہنچ جائے گی۔