Time 17 مئی ، 2024
صحت و سائنس

صحت مند افراد کا بلڈ پریشر کتنا ہونا چاہیے؟

بیشتر افراد کو یہ علم ہی نہیں ہوتا کہ صحت مند افراد کا بلڈ پریشر کتنا ہونا چاہیے / فائل فوٹو
بیشتر افراد کو یہ علم ہی نہیں ہوتا کہ صحت مند افراد کا بلڈ پریشر کتنا ہونا چاہیے / فائل فوٹو

ہر سال 17 مئی کو فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا مقصد اس مرض کے حوالے سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر کا ایک جان لیوا عنصر یہ ہوتا ہے کہ اکثر افراد کو اس سے لاعلم رہتے ہیں کہ وہ اس مرض کے شکار ہوچکے ہیں۔

درحقیقت ہائی بلڈ پریشر کے شکار لگ بھگ ایک تہائی افراد کو معلوم نہیں ہوتا کہ وہ اس بیماری سے متاثر ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کی علامات عموماً اسی وقت ظاہر ہوتی ہیں جب اس کی شدت بہت زیادہ بڑھ چکی ہو۔

مگر حیران کن طور پر بیشتر افراد کو یہ علم ہی نہیں ہوتا کہ صحت مند افراد کا بلڈ پریشر کتنا ہونا چاہیے۔

بلڈ پریشر کے جانچنے کے 2 پیمانے ہیں، ایک خون کا انقباضی دباؤ (systolic blood pressure) جو کہ اوپری دباؤ کے نمبر کا اظہار کرتا ہے۔

انقباضی دباؤ بنیادی طور پر دل کے دھڑکنے سے جسم کے مختلف اعضا تک پہنچنے والے خون کے دباؤ کو ظاہر کرتا ہے۔

دوسرا پیمانہ انبساطی دباؤ (diastolic blood pressure) ہے جو انسانی دھڑکنوں کے درمیان وقفے اور آرام کے نمبر ظاہر کرتا ہے۔

یہ نمبر انتہائی اہم ہوتے ہیں کیونکہ انقباضی دباؤ میں ہر 20 یا انبساطی دباؤ میں 10 نمبروں کے اضافے سے کسی فرد کے ہارٹ اٹیک یا فالج سے موت کا خطرہ دوگنا بڑھ جاتا ہے۔

کچھ سال پہلے تک 140/90 ایم ایم ایچ جی سے کم بلڈ پریشر کو ڈاکٹروں کی جانب سے صحت مند یا نارمل قرار دیا جاتا تھا۔

مگر امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کچھ عرصے قبل بلڈ پریشر چارٹ کو اپ ڈیٹ کیا گیا تھا جس میں دہائیوں پرانے نمبروں کو تبدیل کیا گیا۔

نیا بلڈ پریشر چارٹ / فوٹو بشکریہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن
نیا بلڈ پریشر چارٹ / فوٹو بشکریہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن

اس نئے چارٹ کے مطابق صحت مند افراد کا بلڈ پریشر 120/80 ایم ایم ایچ جی کم ہونا چاہیے۔

اگر کسی فرد کا بلڈ پریشر 130/80 تک پہنچ گیا ہے تو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ اس میں ہائی بلڈ پریشر کی بیماری کا آغاز ہو رہا ہے۔

ان نمبروں سے عندیہ ملتا ہے کہ آپ ہائی بلڈ پریشر کے دائمی عارضے کے شکار ہونے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور ضروری ہے کہ اس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے۔

اسی طرح اگر انقباضی دباؤ 130 سے 139 جبکہ انبساطی دباؤ 80 سے 89 کے درمیان ہو تو اسے ہائی بلڈ پریشر کا پہلا مرحلہ قرار دیا جاتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر کے پہلے مرحلے میں ڈاکٹروں کی جانب سے طرز زندگی میں تبدیلیاں تجویز کی جاتی ہیں جبکہ ادویات کے اسعمال کا مشورہ بھی دیا جا سکتا ہے۔

140/90 سے اوپر ہونے مطلب یہ ہے کہ آپ فشار خون کے عارضے کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

اگر بلڈ پریشر مسلسل 140/90 سے زائد ہو تو اس مرحلے میں ڈاکٹروں کی جانب سے ادویات اور طرز زندگی کی مختلف تبدیلیوں کے مجموعے کو اپنانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

اگر یہ نمبر 180/120 سے زائد ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ شدید خطرے کی زد میں ہیں۔

یہ ہائی بلڈ پریشر کا وہ مرحلہ ہے جب مریض کو طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے، خاص طور پر اگر ہر بار بلڈ پریشر کی ریڈنگ یہی آرہی ہو۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :