Time 22 مئی ، 2024
صحت و سائنس

مچھلی کے تیل کے کیپسول کھانے سے ہونے والا یہ نقصان جانتے ہیں؟

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ مچھلی کے تیل کے کیپسول استعمال کرتے ہیں تاکہ دل کی صحت کو فائدہ ہوسکے۔

اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کو دل کی صحت کے لیے مفید قرار دیا جاتا ہے اور مچھلی کے تیل میں یہ ایسڈز کافی مقدار میں ہوتے ہیں۔

مگر کیا اس غذائی سپلیمنٹ پر پیسے خرچ کرنے سے واقعی امراض قلب سے بچنے میں مدد ملتی ہے؟

تو اس کا جواب نہیں ہے۔

جی ہاں ایک نئی طبی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ مچھلی کے تیل پر مبنی سپلیمنٹس کا روزانہ استعمال صحت مند افراد میں امراض قلب کا خطرہ کم کرنے کی بجائے بڑھا دیتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ مچھلی کے تیل کے کیپسول کے روزانہ استعمال سے فالج اور دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی جیسے سنگین امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

جرنل بی ایم جے میڈیسن میں شائع تحقیق میں 40 سے 69 سال کی عمر کے 4 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

یو کے بائیو بینک کا یہ ڈیٹا ایسے افراد کا تھا جو برطانیہ میں ایک طویل المعیاد طبی تحقیق کا حصہ بنے تھے۔

4 لاکھ 15 ہزار میں سے ایک تہائی افراد کی صحت کا جائزہ اوسطاً 12 سال تک لیا گیا اور انہیں مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس کا استعمال معمول بنانے کی ہدایت کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد امراض قلب سے محفوظ ہوتے ہیں، اگر وہ مچھلی کے تیل کے کیپسول کا استعمال عادت بنا لیتے ہیں تو ان میں دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کا خطرہ 13 فیصد جبکہ فالج کا خطرہ 5 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق امراض قلب سے محفوظ خواتین یا تمباکو نوشی سے دور افراد اگر ان سپلیمنٹس کا استعمال کرتے ہیں تو ان میں ہارٹ اٹیک، فالج یا ہارٹ فیلیئر کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 6 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

البتہ تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ امراض قلب کے شکار افراد کو ان سپلیمنٹس کے استعمال سے ضرور فائدہ ہو سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ان سپلیمنٹس کے استعمال سے دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کا خطرہ 15 فیصد جبکہ ہارٹ فیلیئر کا خطرہ 9 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔

تو مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس سے صحت مند اور مریضوں پر متضاد اثرات کیوں مرتب ہوتے ہیں؟

ماہرین کے مطابق اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے ورم اور خون میں چکنائی کی سطح میں کمی آتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ امراض قلب کے شکار افراد میں یہ سپلیمنٹس خون میں چکنائی کی سطح کو کم کرتے ہیں جس سے ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

مگر صحت مند افراد کا معاملہ مختلف ہوتا ہے اور ان سپلیمنٹس کے زیادہ استعمال سے امراض قلب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر آپ صحت مند ہیں اور مچھلی کے تیل کے کیپسول کھانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو بہتر ہے کہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرلیں۔

انہوں نے بتایا کہ تیل کی بجائے مچھلی کے گوشت کو کھانا دل کو صحت مند رکھنے میں زیادہ مدد فراہم کرتا ہے۔

مزید خبریں :