29 مئی ، 2024
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور جلد اس کی مدد سے موسم کی درست پیشگوئی کرنا بھی ممکن ہو جائے گا۔
مائیکرو سافٹ نے ایسی اے آئی ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو آئندہ 30 دنوں کے لیے موسم کی پیشگوئی کرسکے گی۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ موسمیاتی پیشگوئی کے لیے نئے ٹیکنالوجی ٹولز تیار کیے گئے ہیں جن کے آزمائشی نتائج اب تک کافی متاثر کن رہے ہیں۔
ان ٹولز پر موسمیاتی پیشگوئیوں پر کام کرنے والے ایک ادارے ForecastWatch کی جانب سے ایک تحقیق کی گئی۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ مائیکرو سافٹ کی موسمیاتی ٹیکنالوجی نے عالمی سطح پر موسموں کی سب سے زیادہ درست پیشگوئی کی۔
مائیکرو سافٹ نے اپنے بیان میں بتایا کہ موجودہ عہد میں شدید موسم سے لوگوں اور اراضی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں مگر درست موسمیاتی پیشگوئیوں سے لوگوں کی مدد کی جا سکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے اس نئی اے آئی ٹیکنالوجی کو ونڈوز 10 اور ونڈوز 11 پر کام کرنے والے کمپیوٹرز پر متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اسی طرح یہ موسمیاتی ٹولز مائیکرو سافٹ اسٹارٹ نیوز ایپ میں بھی دستیاب ہوں گے۔
اس سے قبل بھی مائیکرو سافٹ نے مختلف اے آئی ٹولز کو تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ایک ٹول یونیورسل لینگوئج ٹرانسلیٹر ہے جسے دنیا کی کسی بھی زبان کے ترجمے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
مگر موسم کی پیشگوئی کرنے والا ٹول روزمرہ کے زندگی میں بھی لوگوں کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔