پاکستان
04 فروری ، 2013

اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن ،سندھ ہائیکورٹ کی سماعت ملتوی

کراچی…سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرری کا نوٹی فکیشن جاری نہ کئے جانے کے خلاف درخواست کی سماعت 8فروری تک ملتوی کردی۔سندھ اسمبلی میں مسلم لیگ فنکشنل کے رکن جام مدد علی نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیاہے کہ سندھ اسمبلی تحلیل ہونے کے وقت اپوزیشن لیڈر کی موجودگی عبوری حکومت کی تشکیل کے لئے آئینی ضرورت ہے ،قائد حزب اختلاف کا تقرر نہ کرکے آرٹیکل 224 اور 224 اے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے مسلم لیگ فنکشنل کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی کو نامزد کیا گیاہے لیکن انکی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جارہا۔دوران سماعت اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ سرور خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو قائم مقام گورنر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور عدالتی نوٹسز پر تیار کئے گئے جواب میں انکے دستخط نہیں ہوسکے ہیں۔عدالت نے جواب داخل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :