Time 03 جون ، 2024
پاکستان

پاک افغان دوطرفہ تجارت: ڈرائیورز کیلئے پاسپورٹ ویزہ کی شرط ختم کردی گئی

پاک افغان دوطرفہ تجارت: ڈرائیورز کیلئے پاسپورٹ ویزہ کی شرط ختم کردی گئی
فوٹو: جیو نیوز 

پاک افغان دوطرفہ تجارت کے لیے ڈرائیورز کے پاسپورٹ ویزہ کی شرط ختم کردی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ پشاور  ارباب قیصر حمید کے مطابق پاک افغان دوطرفہ تجارت میں مصروف عمل کارگو گاڑیوں کے ڈرائیورز  اور کنڈیکٹرز کو دونوں ممالک نے پہلی بار پاسپورٹ ویزہ کی شرط ختم کرکے اس سے مستثنٰی قرار دیا ہے اور  پاسپورٹ ویزہ کے بجائے طورخم سمیت دیگر سرحدی گزرگاہوں پر عارضی داخلے کی دستاویزات  (TAD) کے اجراء کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

  ارباب قیصر حمید کے مطابق آج 4 افغان کارگو گاڑیاں پاسپورٹ ویزہ کے بغیر طورخم کے راستے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئیں جہاں کسٹم ٹرانزٹ عملے نے انہیں عارضی داخلے کی دستاویزات فراہم کی۔

ارباب قیصر کے مطابق یہ پالیسی افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ایگریمنٹ 2010 میں شامل تھی تاہم عملدرآمد آج سے شروع ہوا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ پشاور  قیصر حمید کے مطابق یہ دونوں ممالک کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا ایک دیرینہ حل طلب مسئلہ تھا، اس پالیسی سے دوطرفہ تجارت کو فروغ بھی ملےگا اور آسانی بھی پیدا ہوگی۔

اس حوالے سے پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے جوائنٹ سیکرٹری ضیاءالحق سرحدی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی کارگو گاڑیوں کے عملے کے لیے بار بار ویزہ پاسپورٹ کا حصول ناممکن تھا جس کے باعث بہت سارے ٹرانسپورٹرز  نے اپنا پیشہ ہی چھوڑ دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ  اب  عارضی داخلے کی دستاویزات (TAD) پالیسی سے دوطرفہ تجارت کو فروغ  ملےگا اور  دونوں ممالک کے عوام میں اعتماد سازی کا ماحول پیدا ہوگا اور تجارت کے فروغ سے ملکی محصولات میں اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں :