08 فروری ، 2013
سڈنی…چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیانے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں چار۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔ ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو میچ جیتنے کیلئے221رنز کا ہدف دیا ہے، جو کینگروز نے بآسانی 45 ویں اوور میں5 وکٹوں گنواکر حاصل کرلیا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے چوتھے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا، مہمان ٹیم کو پہلا نقصان اس وقت اٹھاناپڑا جب پانچ کے مجموعی اسکور پر چارلس بغیر کوئی رن بنائے مچل جانسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، ایک موقع پر صرف 55 کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈیز کے 6 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے، پاول 9 ، ڈیرین براوو 4 ، ڈیوائن براوو3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پولاڈ نے مشکل وقت میں مرد بحران کا کردار نبھاتے ہوئے ذمہ داری بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اورناقابل شکست 109رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ یوں مہمان ٹیم 49.4 اوورز میں220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ مچل جانسن اور بین کٹنگ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیاجبکہ 31 بال باقی تھیں۔واٹسن 76 اور کپتان مائیکل کلارک 37 رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔بیسٹ اور سنیل نارائن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔