11 جولائی ، 2024
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات سے ملاقات کرتے ہوئے انعامی چیک اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے فرسٹ پوزیشن ہولڈر طالب علم کو 3 لاکھ ، سیکنڈ پوزیشن ہولڈر کو 2 لاکھ اور تھرڈ پوزیشن ہولڈر کو ایک لاکھ روپے کا چیک دیا۔
مریم نواز نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو مبارک باد دی ،مزید کامیابیوں کیلئے دعا کی اور ان کے والدین اور استاتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ اپنی نشست چھوڑ کر طلبہ کے درمیان بیٹھ گئیں اور ان کے تعلیمی اخراجات حکومت کی جانب سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پوزیشن ہولڈرز کی قابلیت دیکھ کر رشک آتا ہے، ملک کا مستقبل روشن ہے۔
اس موقع پر ایک طالبہ وزیر اعلیٰ کو گھریلو حالات بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی اور کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے والدین پر بو جھ نہیں بننا چاہتی ۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ پوزیشن ہولڈرز کے تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرےگی ۔
انہوں نے فرسٹ پوزیشن ہولڈر کو 7 لاکھ ، سیکنڈ پوزیشن ہولڈر کو 5 لاکھ اورتھرڈ پوزیشن ہولڈر کو 3 لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان بھی کیا۔