Time 26 دسمبر ، 2024
پاکستان

فلسطینیوں کی نسل کشی پر رچرڈ گرینل کا مردہ ضمیر غاصب صیہونیوں کے ساتھ ہے: سعد رفیق

فلسطینیوں کی نسل کشی پر رچرڈ گرینل کا مردہ ضمیر غاصب صیہونیوں کے ساتھ ہے: سعد رفیق
رچرڈ گرینل جیسے بے ضمیر لوگوں کا شعور صرف سامراجی عزائم کی تکمیل کے لیے ہی جاگتا ہے، سعد رفیق،فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نےکہا ہےکہ نو منتخب امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی رچرڈ گرینل کا ضمیر اچانک جاگ گیا ہے، فلسطینیوں کی نسل کشی پر رچرڈ گرینل کا مردہ ضمیر آج بھی غاصب صیہونیوں کے ساتھ ہے۔

ایک بیان میں رچرڈ گرینل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ  رچرڈ گرینل کا ضمیر 2018 کے الیکشن چوری سے سیاسی انتقام کے سیاہ دور تک سو رہا تھا، رچرڈ گرینل کا ضمیر اپوزیشن لیڈروں کی طویل قید پر سو رہا تھا۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر رچرڈ گرینل کامردہ ضمیر آج بھی غاصب صیہونیوں کے ساتھ ہے، رچرڈ گرینل جیسے بے ضمیر لوگوں کا شعور صرف سامراجی عزائم کی تکمیل کے لیے ہی جاگتا ہے، رچرڈ گرینل جیسے لوگوں کا انسانیت، انصاف، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی سے کوئی تعلق نہیں۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ رچرڈ گرینل جیسے لوگوں کا مطالبہ کچھ اور مقاصد کچھ اور ہوتے ہیں، پاکستان کو بخوبی علم ہے یہ سب مل کر چین بلاک کو توڑنےکی کوشش کریں گے، پاکستان کو  بخوبی علم ہےکہ یہ ایران کو گھیرنےکے لیے پاکستان  پر دباؤ ڈالنےکی کوشش کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  رچرڈ گرینل جیسے لوگوں نے پہلے بھی ایسا کیا لیکن رب کائنات نے پاکستان کو محفوظ اور مضبوط رکھا۔

مزید خبریں :